حیدرآباد (دکن فائلز) مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان خالد نے فرقہ وارانہ تشدد سے متاثرہ علاقہ کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لینے کےلئے آج صبح جینور کےلئے روانہ ہوئے تاہم انہیں پولیس نے راستہ میں روک لیا۔ تفصیلات کے مطابق امجد اللہ خان کو کمرم بھیم آصف آباد کے جینور ٹاؤں کے راستہ پر واقع اتنور ایکس روڈ پر پولیس نے روک دیا۔ پولیس نے ایم بی ٹی ترجمان سے کہا کہ علاقہ میں امتناعی احکامات نافذ ہے اسی لئے دیگر علاقوں سے لوگوں کو جینور جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پولیس نے امجد اللہ خان کو جینور جانے کی اجازت نہیں دی، جس کے بعد انہوں نے اعلیٰ عہدیداروں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز آصف آباد کے جینور میں کچھ فرقہ پرست عناصر کی جانب سے احتجاج کے نام پر مسلمانوں کی املاک کو چن چن کر نشانہ بناتے ہوئے تباہ کیا گیا۔ مسلمانوں کی دکانات، مکانات اور مساجد پر حملہ کرکے بڑے پیمانہ پر توڑ پھوڑ اور آتشزنی کی گئی۔