حیدرآباد (پریس ریلیز) تلنگانہ کانگریس کے ترجمان و معروف صحافی شجاعت علی صوفی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی شخصیت کے مقابلے میں پوری بی جے پی “بونی” دکھائی دے رہی ہے جبکہ راہول گاندھی اپنے دورہ امریکہ کے دوران کئی اہم مسائل پر بات کر رہے ہیں۔
شجاعت علی نے کہاکہ بی جے پی کی مرکزی حکومت مختلف معاملات، خاص طور پر بی جے پی کے فرقہ پرستی برانڈ پر راہل گاندھی کی جانب سے کئے جارہے درست اور صحیح تبصروں کو برداشت نہیں کر پارہی ہے۔
تمام محاذوں پر اپنی بے شمار ناکامیوں کو تسلیم کرنے کے بجائے، بی جے پی، راہول گاندھی کے ریمارکس کو ملک دشمن قرار دینے کی ناکام کوشش میں مصروف ہے۔ انہوں نے اس دعوے کو بھی مسترد کردیا کہ راہول گاندھی بیرون ملک ہندوستان کی توہین کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ راہول گاندھی جو ملک میں کہتے ہیں، وہیں ریمارکس بیرون ملک میں دہراتے ہیں۔