حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ بھر میں آج گنیش وسرجن کا تہوار بڑے پیمانہ پر منایا جارہا ہے۔ حیدرآباد شہر میں بھی وسرجن کا مرکزی جلوس نکالا جائے گا، جس کےلئے محکمہ پولیس کی جانب سے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس سال شہر میں ایک لاکھ سے زائد گنیش کی مورتیاں بٹھائی گئی ہیں۔
گنیش وسرجن کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ خیریت آباد کا گنیش دوپہر ایک بجے نمرجن کیا جائے گا جبکہ بالاپور گنیش کو 4 بجے وسرجن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بالاپور سے حسین ساگر تک نکالے جانے والے جلوس کا 19 کلومیٹر کا روٹ میپ تیار کیا گیا ہے۔ گنیش کی مورتیوں کو سات راستوں سے منتقل کیا جائے گا۔
گریٹر حیدرآباد میں گنیش جلوس کے دوران تقریباً 25 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جارہا ہے۔ ٹینک بنڈ کے بشمول شہر کے تمام تالابوں پر انتظامات کئے گئے۔ جی ایچ ایم سی کے ساتھ تال میل میں برقی، طب، پولیس، ٹریفک اور دیگر محکموں نے وسرجن کے انتظامات کئے ہیں۔ حیدرآباد ضلع کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے بتایا کہ گنیش وسرجن کے لئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ ٹینک بنڈ کے اطراف 135 کرینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ جی ایچ ایم سی حدود میں واقع نمرجن کے مقامات پر 300 سے زیادہ کرینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
جی ایچ ایم سی کمشنر امراپالی نے گنیش وسرجن کے پیش نظر عوام سے اپیل کہ مشین کے ذریعہ رنگین کاغذ کو ہوا میں اڑانا دلچسپ ہوتا ہے لیکن اس سے شہر کی سڑکوں پر کچرا جمع ہوجاتا ہے۔ اس سے جی ایچ ایم سی کے عملے کو تمام سڑکوں کو صاف کرنے میں کچھ دن لگ جائیں گے۔ یہ انتہائی نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کچرا نالیوں میں پھنس جاتا ہے اور سڑک پر پانی بھر جاتا ہے۔ امراپالی نے اپیل کی کہ گنیش جلوس کے دوران رنگین کاغذ اور پلاسٹک کے ربن سڑکوں پر نہ اڑائیں۔
وسرجن اور جلوس دیکھنے کےلئے آنے والے لوگوں کو حیدرآباد پولیس کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔ پولیس نے بتایا کہ ٹریفک پابندیاں کل صبح 6 بجے سے 18ستمبر کی صبح 8 بجے تک نافذ رہیں گی۔ گنیش وسرجن اور شوبھایاترا کے موقع پر، ٹی جی آر ٹی سی بغیر کسی پریشانی کے بھکتوں کی نقل و حرکت کے لیے بڑی تعداد میں خصوصی بسیں چلائے گی۔ آر ٹی سی کے ایم ڈی سجنار نے بتایا کہ 600 خصوصی بسیں ٹینک بنڈ کے آس پاس کے علاقوں میں چلائی جائیں گی۔ دوسری طرف میٹرو ریل کے ایم ڈی این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ میٹرو خدمات بھی 18 تاریخ کو رات 2 بجے تک دستیاب رہیں گی۔
گذشتہ روز خود چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست میں گنیش نمرجن کے انتظامات اور نگرانی کا کمانڈ کنٹرول سنٹر میں جائزہ لیا۔ حیدرآباد کے کمشنر پولیس سی وی آنند اور دیگر سینئر پولیس عہدیادروں نے اس جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔ سی وی آنند نے ریونت ریڈی کو بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میں 733 سی سی کیمروں سے وسرجن کے عمل کی نگرانی کی جارہی ہے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ ٹینک بنڈ کے ساتھ اہم منڈپوں اور تالابوں کی خصوصی نگرانی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نگرانی کے علاوہ ہر گھنٹے میں ایک بار کمانڈ کنٹرول سے ہدایات دے کر عملہ کو الرٹ کیا جائے۔ چیف منسٹر نے حساس علاقوں پر زیادہ توجہ دینے اور بلائنڈ سپاٹ اور ہاٹ سپاٹ کے حوالے سے ریکارڈ برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وسرجن کے دوران کسی قسم کی مشکلات سے بچنے کے لئے نقائص سے پاک اقدامات کریں۔


