حیدرآباد ( پریس نوٹ ) مولانا عبدالمک مظاہری ناظم مصباح العلوم اے بیٹری لائن وشیخ الحدیث جامعہ فاطمہ نسواں نے عامتہ المسلمین کو تلقین کی کہ نکاح کو سادگی سے انجام دیں سرپرستوں اور نوجوانوں کو چاہئیے کے وہ لین دین کے بغیر شادی انجام دیں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا وہ نکاح بابرکت ہے جو کم خرچ اورآسان انداز میں ہو – ان خیالات کا اظہار مولانا نے سویراایجوکیشنل اینڈویلفیر سوسائٹی رجسٹرڈ کے زیر اہتمام اکبرفنکشن پلازہ میر جملہ تالاب کٹہ میں 16- ستمبر کو منعقدہ مستحق لڑکیوں کی اجتماعی شا دی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ کیا-
مولاناعبدالمک مظاہری نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوۓ نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ شادی کے بعد اپنے سسرالی رشتہ داروں کی بھی قدروعزت کریں جس طرح وہ اپنے والدین اور دیگر رشتہ داروں کی عزت کرتے ہیں بیوی کیساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئیں میاں اور بیوی اور ساس وبہو کے بہتر اور محبت والے تعلق سے ہی گھر اور خاندان پُرسکون رہتاہے بیوی کی ضروریات زندگی پورا کرنا شوہر کی ذمہ داری ہوتی ہے انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ خود پنچوقتہ نماز کے پابند ہوں اور اپنی بیوی اور ماں باپ کو بھی نماز کا پابند بنائیں اس سے گھروں میں بڑی ہی خیر وبرکت ہوتی ہے دینی کتابوں کا خودبھی مطالعہ کریں اور گھر والوں کو بھی سنائیں ہر گھر میں جب نماز اور قرآن کی تلاوت ہوگی تو اللہ کی مزید مدد ہمارے شامل حال ہوگی۔
مولانا نے لڑکیوں کو بھی اپنے شوہر اور ساس وخسر کے ادب واحترام کا پاس ولحاظ رکھنے پر زور دیتےہوۓ کہاکہ موجودہ زمانہ میں صبر اور احساس وقوت برداشت میں کمی کے باعث رشتے بڑی تیزی سے بکھر جارہے ہیں لڑکیوں کو چاہئیے کہ وہ اپنے والد اور ماں وبہن بھائیوں کی طرح شوہر کے تمام افراد خاندان کی عزت کریں خواتین کو بھی چاہئیے کہ وہ اپنی بیٹیوں کی طرح بہو کیساتھ خوش اخلاقی ونرم دلی کیساتھ پیش آئیں مولاناعبدالملک مظاہری نے سویراایجو کیشنل سوسائٹی کے بانی وصدر جناب محمد صدیق اور ان کے تمام رفقاء و معاونین کو دلی مبارکبادی کہ وہ اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کرتے ہوۓ سماج کی اہم ترین ضرورت کو پورا کررہے ہیں۔ انہوں نے سوسائٹی کے تمام ذمہ داروں ‘ رفقاء اور معاونین کے لئیے دعا کی۔
سوسائٹی کے بانی صدر جناب محمد صدیق نے اجتماعی شادیوں کے انعقاد کے سلسلہ میں سب ہی تعاون کرنے والوں سے اظہارتشکر کرتے ہوۓ بتایاکہ پندرہ برس قبل اس سوسائٹی کاقیام عمل میں آیا ابتداء میں دو شادیاں انجام پائی تھیں اور آج 16- ستمبرکو 6شادیاں انجام پائی ہیں انہوں نے بتایاکہ سوسائٹی کے ذمہ داران جناب معز الدین خان نائب صدر ‘ مولانا عبدالغفار جنرل سکریٹری ‘ جناب محمد عاقل خازن کے علاوہ مولانا مفتی خلیل احمد رشادی ‘ جناب مرزانواز بیگ واجد ‘ جناب محمد نعیم ‘ جناب عبدالوہاب ‘جناب محمد جمیل ‘ جناب مکرم خان ‘ جناب محمد منیب الدین خان ‘ جناب معید خان ‘ جناب شیخ نذیر اور دیگر کے تعاون اور دلچسپی وجدوجہد کے نتیجہ میں یہ کارخیر انجام پاتا ہے۔
اس موقع پر جناب محمد محی الدین شبیر( مالک شمس گارڈن کالے پتھرو محی فنکشن ہال وٹے پلی ) اور دیگر معززین نے شرکت کی مہمانوں کی ظہرانہ سے ضیافت بھی کی گئی مولانا خلیل احمد رشادی نے بتایاکہ مستحق لڑکیوں کی شادی کے موقع پر ہر جوڑے کو زندگی کی ابتدائی ضروریات کا سامان دیاجاتاہے انہوں نے بتایاکہ اب تک جتنی بھی شادیاں انجام پائی ہیں وہ الحمدللہ کامیاب زندگی گزاررہے ہیں انہوں نے کہاکہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ بعض نوجوان جہیز کے لین دین کے بغیر شادیاں کررہے ہیں لیکن اس تناسب میں بہت زیادہ اضافہ کی ضرورت ہے انہوں نے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں پر زوردیا کہ وہ سیل فون کےبیجا استعمال سے پرہیز کریں۔