حیدرآباد: نمائش میدان میں درگا کی مورتی کو نقصان پہنچانے والا ملزم کرشنیا گرفتار، پولیس کی برق رفتار کاروائی قابل ستائش، سوشل میڈیا پر واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی اشد ضرورت (پریس کانفرنس کا ویڈیو ضرور دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں کچھ فرقہ پرست عناصر کسی نہ کسی بہانے سے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش میں ہیں۔ 11 اکتوبر کی صبح جیسے ہی ایک خبر عام ہوئی کہ حیدرآباد کے نامپلی میں واقع نمائش میدان میں درگا کی مورتی کو نقصان پہنچایا گیا سوشل میڈیا پر فرقہ پرست ٹولہ ایک خاص طبقہ کو قصوروار ٹھہرانے لگا اور ماحول کو بگاڑنے کی ہر ممکن کوشش میں جٹ گیا۔ ایسا کئی بار ہوا ہے لیکن پولیس کی جانب سے ایسے کسی بھی سوشل میڈیا یوزر کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاتی جو افواہیں پہلاتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف نفرت بھڑکانے کی کوشش کرتا ہے۔

اطمینان کی بات یہ ہے کہ پولیس نے نمائش میدان میں درگا کی مورتی کو نقصان پہچانے والے ملزم کرشنیا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے برق رفتار سے کاروائی کرتے ہوئے ملزم کی شناخت کی اور فوری طور پر اسے گرفتار بھی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ناگرکرنول میں رہنے والا ملزم کرشنیا گوڑ جو ذہنی طور پر کچھ پریشان ہے 10 اکتوبر کی رات 9.30 بجے نمائش میدان میں آیا جب ڈانڈیا پروگرام چل رہا تھا اور وہ گراونڈ میں بھی رہ گیا تاہم وہ رات 3 بجے درگا کی مورتی رکھے پنڈال میں گیا۔ اس نے مبینہ طور پر کھانے کی اشیا کی تلاش کی، اس دوران مورتی کو نقصان پہنچا۔

کرشنیا بے گھر ہے اور وہ فٹ پاتھ پر زندگی بسر کررہا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ میں کوئی فرقہ وارانہ زاویہ نہیں ہے۔ پولیس نے اس معاملہ میں دو کیسز درج کئے ہیں، ایک کرشنیا کے خلاف جبکہ دوسرا کیس منتظمین کے خلاف مناسب سیکوریٹی کے انتظامات نہ کرنے پر کیا گیا۔ ڈی سی پی سینٹرل اکشانش یادو نے پریس کانفرنس کرکے کیس کی تفصیلات سے واقف کروایا۔

اب پولیس کو چاہئے کہ اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دیکر سوشل میڈیا پر افواہیں یا غلط بیانی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کاروائی کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں