دیوالی کے بعد حیدرآباد میں ہوا کا معیار خراب ہوتا جارہا ہے: زوپارک، کاپرا اور کوکا پیٹ میں آلودگی میں اضافہ

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے حیدرآباد شہر میں ہوا کا معیار بتدریج خراب ہوتا جارہا ہے۔ دیوالی کے بعد سے گذشتہ 10 دنوں کے دوران آلودگی میں زبردست اضافہ دیکھا جارہا ہے اور ہوا کے معیار کا انڈکس (اے آئی کیو) 100 سے زیادہ ریکارڈ ہورہا ہے۔ حیدرآباد کے کاپرا میں سب سے زیادہ 214 ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ سی پی سی بی کے مطابق اگر ہوا کے معیار کا انڈیکس صفر اور 100 کے درمیان ریکارڈ کیا جائے تو ٹھیک ہے لیکن یہ 101 اور 200 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے، دمہ، دل کی بیماری اور پھیپھڑوں کے مسائل میں مبتلا افراد کو کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وہیں اگر یہ 201 اور 300 کے درمیان ریکارڈ کیا جاتا ہے، تو صحت مند لوگوں کو بھی سانس کے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

سکندرآباد کے ای سی آئی ایل کاپرا میں 2 نومبر کو ہوا کے میعار کا انڈکس 214 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسی طرح حیدرآباد کے کوکا پیٹ میں بھی گذشتہ کچھ دنوں کے دوران سب سے زیادہ 153 ریکارڈ کیا گیا۔

حیدرآباد کے پرانے شہر میں زو پارک علاقہ میں بھی ہوا کا معیار خراب رہا۔ یہاں یکم نومبر کو ہوا کے معیار کا انڈیکس 150 درج کیا گیا تھا تاہم اس کے بعد انڈکس 131-142 کے درمیان ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

ہوا کی آلودگی، تیز بدبو و دیگر مسائل سے متعلق شکایات کےلئے 10741 پر کال کریں یا ویب سائٹ ttps://tspcb.cgg.gov.in پر بھی شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں