حیدرآباد (دکن فائلز) آندھرا پردیش میں نیلور کے وینکٹا پورم گاؤں کے ایک چھ سالہ لڑکے میں زیکا وائرس کا ٹیسٹ مثبت پایا گیا، جس کے بعد حکام نے ریاست بھر میں ہائی الرٹ جاری کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں ایک نجی لیب اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی پونے نے اپنی رپورٹ میں اس کی تصدیق کی ہے تاہم حکام نے بتایا کہ ’ہم نے لڑکے کے خون اور پیشاب کے نمونے مزید جانچ کے لیے دوبارہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی پونے بھیج دیے ہیں تاکہ ہمیں دوگنا یقین ہو سکے۔”
انہوں نے کہا کہ لیبارٹری سے زیکا کی تصدیق کے بعد بچہ فی الحال چینائی میں زیر علاج ہے، جبکہ حکام نے بچے کی رہائش گاہ کے قریب کانٹیکٹ ٹریسنگ، صفائی کے آپریشنز اور ٹیسٹنگ شروع کر دی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے بھی نوٹیفکیشن موصول ہونے کے بعد ریاست بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ مزید کیسز کی صورت میں ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس اور صحت کے اہلکاروں کو فوری ردعمل کے لیے تیار کیا جائے۔
دریں اثنا، ماہرین کی ایک ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر رماناتھ راؤ کی قیادت میں اور ڈبلیو ایچ او کے سرویلنس آفیسر مونیکا، ریاستی وبائی امراض کے ماہر کونڈا ریڈی اور مقامی صحت کے عہدیداروں پر مشتمل ایک ٹیم کو وجئے واڑہ سے متاثرہ گاؤں بھیجا گیا ہے۔ محکمہ نے جانچ کے لیے لڑکے کے خاندان اور گاؤں والوں سے نمونے اکٹھے کیے ہیں اور 30 گاؤں میں گھر گھر جا کر صحت کی جانچ کی ہے۔ جس اسکول میں لڑکا پڑھتا ہے وہاں صحت کی جانچ بھی کی گئی۔
زیکا وائرس کی علامات
زیکا وائرس زیادہ تر ایڈیس مچھروں سے پھیلتا ہے۔ اگرچہ یہ وائرس اکثر معتدل علامات کا سبب بنتا ہے، بشمول بخار، خارش، آشوب چشم اور جوڑوں کی تکلیف، وہیں یہ وائرس حمل کے دوران بڑے خطرات کا باعث بنتا ہے اور اس کے نتیجے میں پیچیدگیاں ہوسکتی ہیں۔ جلد تشخیص سے علاج اور ویکٹر مینجمنٹ کے ذریعہ پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔