حیدرآباد (دکن فائلز) آندھراپردیش کے گنٹور میں جیویلری شاپ سے دن دہاڑے لاکھوں روپئے مالیت کے زیورات کی چوری کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گنٹور میں ریان جیولری شاپ میں ایک خاتون کاہک زیورات دیکھ رہی تھی، اس دوران ایک بھکاری دکان میں داخل ہوتا ہے اور کچھ پمفلٹ دکان کے مالک ریاض کو دیکر ان سے بھیک مانگتا ہے، ریاض پمفلٹ دیکھ کر اسے پیسے دینے سے منع کردیتے ہیں، تاہم اس دوران نامعلوم بھکاری ٹیبل پر رکھے زیورات پر ہاتھ صاف کرکے وہاں سے فرار ہوجاتا ہے جبکہ کسی کو اس پر شک نہیں ہوا۔
تاہم بعد میں مالک ریاض کو پتہ چلتا ہے کہ دکان میں کچھ زیورات کم ہے، جس کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے پر پتہ چلا کہ شاطر بھکاری نے 15 لاکھ روپئے مالیت کے زیورات لیکر رفو چکر ہوگیا۔ دکاندار نے فوری پولیس میں معاملہ کی شکایت کی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا اور ملزم کی شناخت کی جارہی ہے۔ لال پیٹ سی آئی سیوا پرساد نے دکان کے مالکان کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔