حیدرآباد شہر کے سب سے بڑے چرلہ پلی ریلوے ٹرمینل کا وزیراعظم نریندر مودی نے کیا افتتاح

حیدرآباد (دکن فائلز) ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ چرلہ پلی ریلوے ٹرمنل، جو حیدرآباد شہر کے تاج میں ایک اور ہیرے کا اضافہ ہے، کارکرد ہو گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ورچوئل طریقہ سے چرلہ پلی ریلوے ٹرمنل کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام میں تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور مرکزی وزیر ریلوے اشونی وشنو نے بھی ورچول شرکت کی جبکہ ریاستی گورنر جشنو دیو ورما، مرکزی وزراء کشن ریڈی اور بنڈی سنجے، ریاستی وزیر سریدھر بابو و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سال 2025 کا آغاز تیز رفتار ریلوے رابطے کے ساتھ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی دارالحکومت دہلی میں ریلوے کے اہم پراجیکٹس کا آغاز کرنے کے بعد آج وہ شمال میں جموں و کشمیر، مشرق میں اڈیشہ اور جنوب میں تلنگانہ میں ریلوے رابطہ کے نئے پروجیکٹ شروع کرنے پر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان قدم بہ قدم آگے بڑھ رہا ہے اور یہ منصوبے ان تینوں ریاستوں میں ترقی کا آغاز کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانی ریلوے کی ترقی کو چار پیمانوں کی بنیاد پر آگے بڑھایا جا رہا ہے، جن میں پہلا ریلوے میں بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری ہے۔ دوسرا مسافرین کے لئے عصری سہولتوں کی فراہمی۔تیسرا ریلوے کو ملک کے کونے کونے سے منسلک کرنا اور چوتھا مقصد ریلوے کے ذریعے روزگار پیدا کرنا اور صنعتوں کی مدد کرنا ہے۔

چرلاپلی نئے ریلوے ٹرمینل کی دستیابی سے سکندرآباد اور کاچی گوڑہ ٹرمینل پر ٹرینوں کی آمدورفت کا دباؤ کافی حد تک کم ہو جائے گا۔ شہر کے سکندرآباد اور کاچی گوڑہ ریلوے ٹرمینل پر دباؤ کو کم کرنے اور مزید علاقوں تک ریلوے کے رابطے کو بڑھانے کے مقصد سے چرلہ لاپلی میں ایک اور ریلوے ٹرمینل کا آغاز ہوا ہے۔ دہلی، چینائی، وشاکھاپٹنم اور کولکتہ روٹ پر جانے والی ٹرینوں کو اب چرلاپلی سے روانہ کیا جائے گا۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ورچول خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے ریلوے کا رول اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جیسی ریاستوں کی ترقی بھی ریلوے پر منحصر ہے۔ انہوں نے حیدرآباد کے چرلاپلی میں نئے ٹرمینل اور اسٹیشن کو مکمل کرنے پر مرکز کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ایک ٹریلین ڈالر کی جی ڈی پی معیشت بننے کے لیے پرعزم ہے۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ ملک کو 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کی اپنے طور پرپوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم سے گرین فیلڈ ہائی وے اور حیدرآباد سے بندر پورٹ تک براہ راست ریلوے لائن کی تعمیر میں مرکز کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں 370 کیلو میٹر ریجنل رنگ روڈ تعمیر ہونے والی ہے۔ ریونت نے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مرکز ریجنل رنگ روڈ اور ریجنل رنگ ریل کی تعمیر میں مکمل تعاون کرے۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میٹرو ریل مرحلہ دو کے لیے تجاویز پہلے ہی مرکزی حکومت کو روانہ کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ حیدرآباد میٹرو ریل مرحلہ دوکو مکمل تعاون فراہم کرے۔ ریونت ریڈی نے وضاحت کی کہ وہ وقارآباد سے کرشنا ریلوے لائن، کلواکورتی اور ماچرلہ کے درمیان نئی ریلوے لائنیں اور ڈورنکل سے دو لائنیں قائم کرنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں