آندھراپردیش میں انٹر فرسٹ ایئر (سال اول) کے بورڈ امتحانات نہیں ہوں گے!

حیدرآباد (دکن فائلز) آندھراپردیش حکومت نے انٹر امتحانات کے انعقاد میں اصلاحات لانے کا اعلان کیا ہے۔ آئندہ سال سے انٹر فرسٹ ایئر (سال اول) کے امتحانات منعقد نہیں ہوں گے۔ انٹر ودیا منڈل کی سکریٹری کریتکا شکلا نے کہا کہ یہ فیصلہ طلبا پر دباؤ کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ اصلاحات قومی تعلیم ایکٹ کے تحت کی گئی ہیں۔

کریتکا شکلا نے کہا کہ سائنس، آرٹس اور زبانوں سے متعلق مضامین میں اصلاحات کو نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے تعلیمی سال (2025-26) سے، این سی ای آر ٹی کی کتابیں انٹر فرسٹ ایئر میں پڑھائی جائیں گی، جس سے این ای ای ٹی اور جے ای ای جیسے قومی مسابقتی امتحانات میں آسانی ہوگی۔ سی بی ایس ای سسٹم کو آندھراپردیش میں نافذ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے حصے کے طور پر انٹر سال اول کے پبلک امتحانات کو منسوخ کردیا۔ سال اول کے امتحانات متعلقہ کالجز میں منعقد ہوں گے جس کی ذمہ داری کالج انتظامیہ پر ہوگی۔ تاہم انٹر سیکنڈری ایئر (سال دوم) کے امتحانات، انٹر بورڈ کی جانب سے ریاست بھر میں منعقد کئے جائیں گے۔ کریتکا شکلا نے عوام سے کہا کہ اصلاحات پر مشورے اور تجاویز رواں ماہ کی 26 تاریخ تک بھیجی جا سکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں