حیدرآباد : درندہ صفت سچن ستیہ نارائنا نے حاملہ بیوی کا بے دردی سے قتل کردیا!

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں انتہائی غیر انسانی واقعہ سامنے آیا ہے، ایک درندہ صفت شوہر نے اپنی سات ماہ کی حاملہ بیوی کے پیٹ پر بھیٹکر انتہائی بے دردی سے قتل کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد کاچیگوڑہ میں رہنے والا سچن ستیہ نارائنا فوڈ ڈیلیوری کا کام کررہا تھا، انسٹاگرام پر اس کی ملاقات کاپرا کی سنیہا سے ہوئی اور دونوں میں محبت ہوگئی۔ دونوں نے 2022 میں شادی کرلی۔

جوڑے کے ہاں 2023 میں ایک بچہ ہوا، اس کے بعد سچن نے کام کرنا چھوڑ دیا اور بیروزگار ہوگیا۔ مالی مشکلات کی وجہ سے اس نے اپنے بیٹے کو ایک لاکھ روپئے میں فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا۔ تاہم اپنے شوہر کی کرتوتوں کو بھانپتے ہوئے سنیہا نے کشائی گوڑہ پولیس اسٹیشن میں اس کی شکایت کی، جس کے بعد پولیس نے بچے کو بچالیا اور سچن ستیہ نارائنا کی سرزنش کی۔ چند ماہ بعد بیماری سے لڑکا فوت ہوگیا، جس کے نتیجہ میں میاں بیوی میں علحدگی ہوگئی۔

تاہم کچھ ماہ بعد دونوں نے صلہ کرلی اور ایک ساتھ رہنے لگے۔ اس دوران سنیہا کے حمل سے رہنے کا پتہ چلا تو سچن کو اس کے کردار پر شک ہوا، سنیہا 7 ماہ کی حاملہ تھی۔ اس کے بعد وہ اسے مسلسل ہراساں کرتا رہا۔ 15 جنوری کی رات سچن نے اپنی بیوی کو خوب شراب پلائی اور وہ اپنی بیوی کے پیٹ پر بیٹھ گیا، سنیہا کے چہرے پر تکیہ رکھا تاکہ وہ چیخ نہ سکے۔ اس دوران سنیہا کا دم گھٹنے سے موت ہوگئی اور رحم میں موجود بچہ بھی فوت ہوگیا۔ سنیہا کے پیٹ پر بیٹھنے کی وجہ سے بچہ بھی پیٹ سے باہر آگیا۔

سچن ستیہ نارائنا نے قتل کو حادثہ کی موت ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس تحقیقات میں قتل کا پتہ چلا۔ پولیس نے سچن کو گرفتار کرلیا۔ یہ واقعہ حیدرآباد کے کشائی گوڑہ پولیس حدود میں پیش آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں