حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں شب معراج کے موقع پر انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا۔ حال ہی میں افتتاح کئے گئے زو پارک سے آرام گھر فلائی اوور پر شب معراج کی رات انتہائی افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں تین مسلم لڑکے جاں بحق ہوگئے۔ کم عمر لڑکوں کی شناخت احمد، عمران، اور معاذ کے طور پر کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سڑک حادثہ کی وجہ تیزرفتاری تھی۔ تینوں کم عمر لڑکے آرام گھر فلائی اوور پر رات دیر گئے تیز رفتاری سے بائیک چلارہے تھے کہ گاڑی ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ کے بعد دو لڑکوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جاں بحق تینوں لڑکے نابالغ تھے۔
واضح رہے کہ جاگنے کی راتوں میں کچھ منچلے نوجوان سڑکوں اور بریجس پر تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہیں اور کرتب بازی کرتے ہیں۔ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں اس طرح کی حرکتوں سے روکے تاکہ کسی ناگہانی حادثہ کا شکار ہونے سے روکا جاسکے۔


