حیدرآباد (دکن فائلز) ایک یمنی نوجوان اترپردیش کے آگرہ میں گرفتار کرلیا گیا جب وہ تاج محل دیکھنے کےلئے آیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یمنی نوجوان زیدان عمر محمد السید کچھ عرصہ سے حیدرآباد میں مقیم تھا جبکہ اس کے ویزے کی مدت 2018 میں ہی ختم ہوچکی تھی۔
آگرہ پولیس کے مطابق یمنی نوجوان 2018 میں اپنے ویزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد بھارت میں مقیم ہے، اس کے خلاف ٹورازم پولیس اسٹیشن میں فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پوچھ گچھ جاری ہے۔ یہ نوجوان تاج محل دیکھنے آیا تھا تاہم تاج کے سیکورٹی اہلکاروں اور پولیس نے اسے روک کر اس کے دستاویزات کی جانچ کی۔ جس کے بعد پتہ چلا کہ وہ سیاح ہے لیکن اس کے پاس درست ویزا نہیں ہے۔
اے سی پی تاج سیکورٹی سید اریب احمد نے بتایا کہ غیر ملکی کی شناخت عمر محمد السید کے طور پر کی گئی ہے۔ “تاج محل کے قریب چیکنگ کے عمل کے دوران، اس کے دستاویزات کی جانچ کی گئی۔ عمر محمد اسٹوڈنٹ ویزا پر ہندوستان آیا تھا، جو 29 نومبر 2015 سے 28 مئی 2018 تک کارآمد تھا، حیدرآباد میں وہ میکس ایجوکیشن اکیڈمی میں پڑھ رہا تھا۔ ویزا کی میعاد ختم ہونے کے بعد اس کی تجدید نہیں کی گئی تاہم، اس کا پاسپورٹ 9 اگست 2025 تک کارآمد ہے۔ یمنی شہری طویل عرصے سے بغیر ویزا کے حیدرآباد میں مقیم ہے۔ پولیس نے مزید کہا کہ اسے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


