حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے آج عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر گوشہ محل اسٹیڈیم میں کی جائے گی۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا، وزراء دامودر راج نرسمہا، کومت ریڈی وینکٹ ریڈی اور پونم پربھاکر موجود تھے۔
عثمانیہ ہاسپٹل کی یہ نئی عمارت 26.30 ایکڑ پر 2000 بستروں پر مشتمل ہوگی۔ 14 منزلہ عمارت 2,400 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔ جدید ترین طبی سہولیات کے ساتھ 30 شعبہ جات میں طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ نیا ہسپتال روبوٹک سرجری جیسی جدید خدمات سے بھی لیس ہوگا۔ نئے ہسپتال کے آنے سے ڈاکٹروں کی تعداد میں 20 فیصد اضافہ ہو گا۔ او پی ڈی شعبہ میں روزانہ تقریباً 5000 افراد کی جانچ کی جائے گی۔
عثمانیہ ہاسپٹل 1919 میں آخری نظام میر عثمان علی خان نے تعمیر کیا تھا۔ یہاں کل 22 شعبہ جات میں طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں جہاں 1096 بستر دستیاب ہیں۔ روزانہ دو ہزار سے زائد لوگ او پی ڈی خدمات حاصل کرتے ہیں، یہاں سب سے بڑا مسئلہ بستروں کی کمی ہے۔ اس تناظر میں، حکومت نئی عمارت کو جدید ترین مرکز کے طور پر تعمیر کرنا چاہتی ہے۔