حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت نے رمضان المبارک میں مسلم طلبا کی سہولت کےلئے 10ویں جماعت کے پری فائنل امتحانات کے اوقات میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایس ایس سی کے پری فائنل امتحانات کا آغاز 6 مارچ سے ہوگا جو 15 مارچ تک جاری رہیں گے۔
تاہم اب محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اب 10 ویں جماعت کے پری فائنل امتحانات کے اوقات کو تبدیل کرکے دوپہر 12.15 سے 3.15 بجے تک منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرح فزکس اور بیالوجی کے امتحانات ڈیڑھ گھنٹے کے ہوں جو دوپہر 12.15 بجے شروع ہوں گے اور 1.45 بجے ختم ہوں گے۔ پہلی زبان کا امتحان 6 مارچ کو، دوسری زبان کا 7 مارچ کو، انگلش 10 مارچ کو، ریاضی 11 مارچ کو، فزکس 12 مارچ کو، بیالوجی 13 مارچ کو اور 15 مارچ کو سوشل اسٹڈیز کا امتحان ہوگا۔
پہلے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق پری فائنل امتحانات کے اوقات 1.45 بجے دن تا 4.45 بجے شام رکھے گئے تھے۔ تاہم رمضان المبارک کی وجہ سے مسلم طلبا کو ہونے والی تکالیف کا خیال کرتے ہوئے حکومت نے اوقات میں تبدیلی لائی ہے۔ امتحان کے اوقات میں تبدیلی کی وجہ سے دسویں جماعت کے طلباء کو دوپہر 12.15 بجے تک دوپہر کا کھانا دیا جائے گا۔
پہلے سے طئے شدہ شیڈول کے مطابق دسویں جماعت کے سالانہ بورڈ امتحانات بھی رمضان المبارک کے آخری دہے میں ہوں گے۔ امتحانات کا آغاز 21 مارچ کو ہوگا اور 4 اپریل تک امتحانات جاری رہیں گے۔ امکان ہے کہ عیدالفطر 30 یا 31 مارچ کو ہوگی۔ ایس ایس سی سالانہ بورڈ امتحانات کے اوقات صبح 9.30 تا 12.30 بجے ہوں گے، جبکہ فزکس اور بیالوجی کے امتحانات صبح 9.30 تا 11 بجے تک منعقد ہوں گے۔