حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد شہر کے نامپلی علاقہ میں ایک اور قتل کا واقعہ پیش آیا۔ ایم این جے کینسر ہسپتال کے قریب حملہ آوروں نے ایک روڈی شیٹر کو بے دردی سے قتل کردیا۔ اس واقعہ سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ تفصیلات کے مطابق چندرائن گٹہ بابا نگر کے ایان قریشی ایک قتل کے مقدمہ میں ملزم تھے، نامپلی عدالت میں پیشی کے بعد وہ گھر واپس لوٹ رہے تھے کہ راستہ میں ان پر حملہ کیا گیا۔
جیسے ہی 20 سالہ ایان ایم این جے کینسر اسپتال کے قریب پہنچے ان پر پانچ نامعلوم افراد نے اچانک حملہ کردیا۔ سب سے پہلے حملہ آوروں نے قریشی کو کرکٹ بیٹ سے شدید زدوکوب کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اس پر چاقو سے متعدد وار کئے۔
اطلاع ملتے ہی نامپلی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ سراغ لگانے والی ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
انسپکٹر نارائن ریڈی کے مطابق ایان قریشی اپنے بہنوئی کے قتل کیس میں ملزم تھا۔ ڈی سی پی شلپاولی اور اے سی پی سنجے نے قتل کے مقام پر پہنچ کر تفصیلات حاصل کیں۔


