ایمان کی تکمیل محبتِ رسول ﷺ کے بغیر ممکن نہیں: جلسہ سیرت خاتم الانبیاء ﷺ سے حافظ محمد خواجہ یاسین حلیمی کا خطاب، جامع مسجد ریڈی پیٹ مکتب کے طلبا کا شاندار تعلیمی مظاہرہ

کاماریڈی (پریس نوٹ) جامع مسجد ریڈی پیٹ میں مکتب کے طلباء کا سالانہ تعلیمی مظاہرہ اور جلسہ سیرت خاتم الانبیاء ﷺ بڑے روح پرور انداز میں منعقد ہوا۔ جلسے کی صدارت حافظ محمد فہیم الدین منیری (ناظم مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاماریڈی) نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض قاری مجاہد صدیقی نے خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔

جلسے کے مہمان مقرر حافظ محمد خواجہ یاسین حلیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایمان کی بنیاد محبتِ رسول ﷺ ہے اور ایمان کی تکمیل نبی کریم ﷺ کی ذاتِ اقدس کو سب سے زیادہ محبوب بنائے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کامل مومن وہی ہے جس کے نزدیک نبی اکرم ﷺ والدین، اولاد اور تمام انسانوں سے بڑھ کر محبوب ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ کثرتِ درود دل میں محبتِ رسول ﷺ کو پروان چڑھاتی ہے اور یہ نہ صرف گناہوں کی بخشش بلکہ روحانی سکون اور قربِ الٰہی کا ذریعہ بنتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیم اور مکتب کی تربیت بچوں کے دل و دماغ میں ایمان کی روشنی بھرتی ہے، ان کے کردار میں نیک اخلاق اور اعلیٰ اقدار پیدا کرتی ہے، اور انہیں معاشرتی ذمہ داریوں اور حسنِ سلوک کی تعلیم دیتی ہے۔ یہی بچے آگے چل کر معاشرے کے لیے روشنی اور امت کے لیے رحمت بنیں گے۔ صدارتی خطاب میں حافظ محمد فہیم الدین منیری حفظہ اللہ نے معلم مکتب حافظ محمد عمران، صدر کمیٹی اور تمام ذمہ داران کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج بچے قرآن و سنت کی روشنی میں بہترین استعداد اور دینی شعور حاصل کر رہے ہیں۔ یہ کامیابی طلباء کی محنت، والدین کی دلچسپی، اساتذہ کی رہنمائی اور کمیٹی کی توجہ کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے حدیثِ رسول ﷺ “تم میں ہر ایک ذمہ دار ہے اور ہر ایک سے اس کی رعیت کے بارے میں سوال ہوگا” بیان کرتے ہوئے والدین، اساتذہ اور ذمہ داران کو اپنی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی۔ پروگرام میں بچوں نے مختلف دینی مظاہرے پیش کیے، جنہیں والدین، اساتذہ، کمیٹی کے ذمہ داران اور معززین کی کثیر تعداد نے سراہا۔کامیاب طلباء کو انعامات و اعزازی تحائف سے نوازا گیا۔

اس موقع پر مولانا منظور احمد مظاہری نے جلسہ کی نگرانی کی، جبکہ اطراف و اکناف سے آئے علما، حفاظ، صدورِ مساجد، معزز نوجوان اور شخصیات میں الحاج سید عظمت علی (سکریٹری مجلس تحفظ ختم نبوت کاماریڈی)، الحاج شیخ اسماعیل، محمد حمزہ زاہد، مولانا شعیب خان قاسمی، محمد اسلم بھائی اور دیگر معززین شریک رہے۔ پروگرام کے اختتام پر محمد عباداللہ (رکن مجلس تحفظ ختم نبوت) اور دیگر ذمہ داران نے انعامات تقسیم کیے۔

آخر میں اجتماعی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ بچوں کو قرآن و سنت کا حقیقی وارث بنائے، والدین و اساتذہ کی محنت کو قبول فرمائے اور امت مسلمہ کو دین پر استقامت عطا فرمائے۔بچوں کے تعلیمی مظاہرہ کو کامیاب بنانے میں محترم حافظ محمد عمران صاحب امام وخطیب جامع مسجد ومعلم مکتب کی شبانہ روز محنت وکوشش وسچی لگن نے کامیابی سے ہم کنار کیا جبکہ صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد ونوجوانان وعام مسلمانان ریڈی پیٹ کے حسن تعاون وحسن انتظام ریا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں