حیدرآباد (پریس نوٹ) امیرِ حلقہ جماعتِ اسلامی ہند، تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین نے صدر جمعیت العلماء ہند، تلنگانہ و آندھراو سابق صدرنشین حج کمیٹی مولانا حافظ پیر شبیر احمدؒ کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے ملتِ اسلامیہ ایک ایسے رہنما سے محروم ہوگئی ہے جس نے اپنی زندگی دین کی سربلندی، امت کی فلاح، اور انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کردی تھی۔
امیرِ حلقہ تلنگانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا مرحوم کی شخصیت خلوص، علم، عمل، تقویٰ اور استقامت سے بھر پور تھی۔ وہ طویل عرصے تک جمعیت العلماء ہندکے پلیٹ فارم سے نہ صرف ریاستی بلکہ ملکی سطح پر دینی، اصلاحی، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں میں پیش پیش رہے۔ انہوں نے دینِ اسلام کے فروغ، اصلاحِ معاشرہ، ملی اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
امیرحلقہ جناب محمد اظہرالدین نے کہا کہ مرحوم نے رکن قانون ساز کونسل اور صدرنشین حج کمیٹی کی حیثیت سے مسلم مسائل کی یکسوئی میں بھی فعال کردار ادا کیا۔امیرِ حلقہ نے کہا کہ مولانا حافظ پیر شبیر احمدؒ کی رحلت سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ بآسانی پُر نہیں ہو سکتا۔ ملت اسلامیہ نے ایک باعمل عالمِ دین، شفیق بزرگ اور بے لوث قائد کو کھو دیا ہے۔
آخر میں جناب محمد اظہرالدین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے، اُن کے درجات کو بلند کرے، اُنہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور اُن کے اہلِ خانہ، شاگردان، رفقائے کار اور جمعیت العلماء کے تمام اراکین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔