حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ کیسرا منڈل کے چیرال علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نئے مکان میں داخل ہونے والے ایک خاندان پر ہجڑوں نے حملہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق، سری بالا جی اینکلیو کے رہائشی پرمیدلا سدھانندم نے حال ہی میں نیا مکان تعمیر کر کے اپنے عزیز و اقارب کی موجودگی میں خوشی سے ’’گھر بھرانی ‘‘ کی تقریب منائی۔
اتوار کے روز جب سدھانندم اپنے گھر کے سامنے کام کر رہے تھے تو دو زنخے وہاں پہنچے اور کہا کہ نیا گھر بنانے پر انہیں رقم دی جائے۔ سدھانندم نے کچھ رقم دینے کی بات کہی مگر ہجڑے ایک لاکھ روپے دینے پر اصرار کرنے لگے۔ سدھانندم کے انکار پر انہوں نے ناشائستہ زبان استعمال کی اور وہاں سے چلے گئے۔
کچھ دیر بعد تقریباً پندرہ زنخے تین آٹوز میں سوار ہوکر واپس آئے۔ انہوں نے گھر کے گیٹ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور سدھانندم کے خاندان پر لاٹھیوں اور پتھروں سے حملہ کردیا۔ شور سن کر پڑوسی جمع ہوئے تو حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
زخمی سدھانندم کو اسپتال منتقل کیا گیا، بعد میں انہوں نے کیسرا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ مقامی باشندوں نے واقعے پر شدید غم و غصہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہجڑوں کی بڑھتی ہوئی زیادتیوں کے خلاف پولیس کو سخت کارروائی کرنی چاہیے تاکہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔



