حیدرآباد : زچگی سے 24 گھنٹے پہلے حاملہ خاتون لاپتہ: پولیس کی خصوصی ٹیمیں تلاش میں مصروف

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے کوٹھی سرکاری زچگی اسپتال میں ڈیلیوری کے لیے آئی 25 سالہ سوپنا اچانک لاپتہ ہو گئی، جس نے اہل خانہ اور پولیس دونوں کو شدید اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔

سوپنا، اپنے شوہر شیو کمار کے ساتھ چیک اپ کے لیے اسپتال پہنچی تھی۔ اسپتال کے احاطے میں کسی بات پر میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس پر سوپنا دلبرداشتہ ہو کر اسپتال سے باہر نکلی اور چند ہی لمحوں میں ایک آٹو میں بیٹھ کر وہاں سے چلی گئی۔

چونکہ اسے اگلے 24 گھنٹوں میں ڈیلیوری متوقع ہے، اہل خانہ میں خوف و بے چینی بڑھ گئی ہے۔ شوہر نے سُلطان بازار پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج، آٹو ڈرائیور کے سراغ، موبائل لوکیشن اور ممکنہ راستوں کی بنیاد پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

اسپتال میں موجود مریضوں کے رشتہ داروں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس کئی زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے کہ خاتون کہیں ذہنی دباؤ کے باعث خود ہی دور تو نہیں چلی گئی یا کسی اور مقام پر پناہ لی ہو۔ اہل خانہ اور رشتہ دار بڑی تعداد میں اسپتال اور پولیس اسٹیشن پہنچے ہیں۔ اس نازک حالت میں خاتون کا جلد سے جلد مل جانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

کیٹاگری میں : اہم

اپنا تبصرہ بھیجیں