علمائے کرام کے مشورے پر محمد عبدالصمد عمران کی حیدرآباد میں غائبانہ نمازِ جنازہ منسوخ (آڈیو پیام سماعت کریں)

انا للہ وانا الیہ راجعون
علمائے کرام کے مشورے اور شرعی رہنمائی کی روشنی میں مرحوم محمد عبدالصمد عمران کی حیدرآباد دکن میں غائبانہ نمازِ جنازہ ادا نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے حوالے سے معروف عالمِ دین مفتی محمود زبیر اور مولانا انصار اللہ نے تفصیلی وضاحت پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ مرحوم محمد عبدالصمد عمران کا انتقال 28 دسمبر کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں دورانِ علاج ہوا تھا، جہاں ان کی نمازِ جنازہ باقاعدہ طور پر ادا کی گئی اور تدفین بھی عمل میں آچکی ہے۔ بعد ازاں حیدرآباد میں غائبانہ نمازِ جنازہ کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم اس پر علما سے رجوع کیا گیا۔

علمائے کرام کی رائے کے مطابق چونکہ مرحوم کی نمازِ جنازہ سعودی عرب میں ادا ہو چکی ہے، اس لیے دوبارہ غائبانہ نمازِ جنازہ کی ضرورت نہیں ہے۔ اسی شرعی اصول کی بنیاد پر حیدرآباد میں غائبانہ نمازِ جنازہ نہ پڑھنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔

مفتی محمود زبیر نے اپنے تفصیلی آڈیو بیان میں اس مسئلے کی شرعی حیثیت واضح کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فیصلے کو دینی رہنمائی کے تحت قبول کریں اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت، ایصالِ ثواب اور صدقہ و خیرات کا اہتمام کریں، جو مرحوم کے لیے زیادہ نفع بخش ہے۔

اس سلسلہ میں مفتی محمود زبیر کا آڈیو پیام ضرور سماعت کریں:

اہلِ خانہ اور متعلقین نے بھی علما کے اس فیصلے کا احترام کرتے ہوئے غائبانہ نمازِ جنازہ کی اطلاع واپس لے لی ہے اور تمام احباب سے مرحوم کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

اللہ تعالیٰ مرحوم محمد عبدالصمد عمران کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔

اپنا تبصرہ بھیجیں