حیدرآباد (دکن فائلز) سعودی عرب نے مملکت میں موجود لاکھوں اونٹوں کو باقاعدہ پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس منفرد منصوبہ کا مقصد قیمتی اونٹوں کے ریوڑوں کے بہتر انتظام، نگرانی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ سعودی وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کے مطابق اس اقدام سے اونٹوں کے شعبہ میں پیداواری صلاحیت اور مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزارت کے مطابق اس منصوبہ کے تحت اونٹوں سے متعلق ایک جامع اور قابلِ اعتماد ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا، جس سے ان کی شناخت، نقل و حرکت اور صحت کی نگرانی آسان ہو سکے گی۔ وزارتِ ماحولیات نے اونٹوں کے پاسپورٹ کی تصویر بھی جاری کی ہے، جو سبز رنگ کا ہے۔ پاسپورٹ پر سعودی عرب کا قومی نشان اور سنہری رنگ میں اونٹ کی خوبصورت تصویر نمایاں ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں سعودی عرب میں اونٹوں کی تعداد تقریباً 22 لاکھ تھی۔ اونٹ صدیوں سے عرب دنیا میں سفر اور نقل و حمل کا اہم ذریعہ رہے ہیں اور آج بھی انہیں وقار، ثقافتی ورثہ اور سماجی حیثیت کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اونٹوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کا یہ اقدام جدید مویشی نظم و نسق کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو مستقبل میں سعودی عرب کی زرعی معیشت اور ثقافتی شناخت کو مزید مضبوط بنائے گا۔


