حیدرآباد (دکن فائلز) امریکی ارب پتی اور معروف سیاحتی کمپنی ریڈ سی گلوبل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جان پگانو اسلام قبول کرنے کے بعد اپنے پہلے رمضان المبارک میں روحانی سعادتیں سمیٹنے کے لیے مسجد حرام پہنچ گئے، جہاں انہوں نے بیت اللہ کے سائے میں عبادت کی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پوسٹس اور ویڈیوز کے مطابق جان پگانو کو رمضان کی پہلی رات مسجد الحرام میں دیکھا گیا۔ ایک وائرل ویڈیو میں وہ نمازیوں کے درمیان باجماعت نماز ادا کرتے نظر آتے ہیں، جب کہ دیگر مناظر میں وہ سفید سعودی لباس (کندورہ) اور روایتی کیفیہ میں ملبوس خانہ کعبہ کی جانب عقیدت کے ساتھ بڑھتے دکھائی دیتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیو میں جان پگانو نے خادمِ الحرمین الشریفین، ولی عہد شہزادہ اور سعودی عوام کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت مہینے میں مملکتِ سعودی عرب پر اپنی خاص رحمتیں اور برکتیں نازل فرمائے۔
رپورٹس کے مطابق جان پگانو نے گزشتہ برس اکتوبر میں اسلام قبول کیا تھا، جس کے بعد انہیں سعودی حکومت کی جانب سے اعزازی سعودی شہریت سے بھی نوازا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مسجد الحرام کے اندر ان کے ابتدائی روحانی لمحات کی یہ ویڈیو اکتوبر 2025 میں سعودی شہریت حاصل کرنے کے فوراً بعد بنائی گئی تھی، جو اب دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
تداول واسع لمقاطع الرئيس التنفيذي للبحر الأحمر جون باغانو أثناء زيارته الحرم المكي لأول مرة بعد حصوله على الجنسية #السعودية في أكتوبر 2025 pic.twitter.com/hvoJzIEIks
— العربية السعودية (@AlArabiya_KSA) February 18, 2026
ویڈیو میں انہیں مسجد الحرام کی راہداریوں میں پرسکون انداز میں چلتے، روحانی فضا میں خانہ کعبہ کا مشاہدہ کرتے اور دعا میں مشغول دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ مناظر ان کے دل میں اسلام اور مملکت کے لیے بڑھتی ہوئی محبت اور وابستگی کا اظہار کرتے ہیں۔
العربیہ اردو کی رپورٹ کے مطابق جان پگانو کا یہ دورہ محض ایک رسمی حاضری نہیں بلکہ مملکت کے ساتھ ان کے گہرے تعلق کی علامت ہے۔ سعودی عرب، جو پہلے ان کے لیے ایک پیشہ ورانہ ذمہ داری کا میدان تھا، اب ان کا نیا وطن بن چکا ہے جس کی وہ شہریت بھی رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ ریڈ سی گلوبل سعودی عرب کے بڑے سیاحتی منصوبوں سے وابستہ کمپنی ہے اور جان پگانو کا نام مملکت کے اہم ترقیاتی و سیاحتی پروگراموں سے جڑا رہا ہے۔ اسلام کی دولت سے سرفراز ہونے کے بعد رمضان المبارک کی پہلی ساعتیں حرمین شریفین میں گزارنا یقیناً ان کی زندگی کا ایک یادگار اور ایمان افروز باب ہے، جسے سوشل میڈیا صارفین بھی عقیدت اور مسرت کے جذبات کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔


