امریکی ریاست نیویارک میں ملعون سلمان رشدی پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت ظاہر کر دی گئی۔ نیویارک پولیس کے مطابق گستاخ سلمان رشدی پر ’ہادی ماتر‘ نے چاقو سے حملہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 24 برس کے ہادی ماتر کا تعلق امریکی ریاست نیوجرسی سے ہے، ان کی جانب سے حملے کی وجہ تاحال واضح نہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ہادی ماتر نے کیلی فورنیا کے الزبتھ لرننگ سینٹر سے تعلیم حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیو یارک میں تقریب کے دوران چاقو بردار حملہ آور نے اسٹیج پر چڑھ کر ملعون سلمان رشدی پر حملہ کیا تھا، پولیس نے حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سلمان رشدی کی حالت سے متعلق فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
خیال رہے کہ ملعون سلمان رشدی کو توہین آمیز تصنیف کی وجہ سے ماضی میں بھی اسے قتل کی دھمکیاں ملتی رہی ہیں اور 1988 میں اس معاملے پر برطانیہ میں بھی متعدد مظاہرے ہوئے تھے۔ متعدد ممالک نے سلمان رشدی کی گستاخانہ کتاب پر پابندی عائد کردی تھی جبکہ ایران کے آیت اللہ خمینی نے 1989 میں رشدی کو واجب القتل قرار دینے کا فتویٰ دیا تھا۔