کرناٹک میں کانگریس پارٹی نے گذشتہ روز انتخابی منشور جاری کیا جس میں نفرت کو ہوا دینے والی مذہبی تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا وعدہ کیا گیا اور بجرنگ دل و پی ایف آئی جیسی تنظیموں پر سخت کاروائی کرنے کی بات کہی گئی اور کہا گیا کہ ایسی تنظیموں پر پابندی عائد کی جائے گی۔
آج بجرنگ دل کچھ کارکنوں نے حیدرآباد میں احتجاج کیا اور گاندھی بھون کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی۔ آج بجرنگ دل کے کارکن گاندھی بھون کے قریب پہنچے اور ہنگامہ کرنا شروع کردیا جس کے بعد پولیس نے انہیں فوری طور پر منتشر کردیا۔ کچھ کارکن تنظیم کا جھنڈا تھامے گاندھی بھون میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
کرناٹک میں اسمبلی انتخابات قریب آرہے ہیں۔ پولنگ اس ماہ کی 10 تاریخ کو ہوگی۔ مرکزی الیکشن کمیشن ریاست کے 224 اسمبلی حلقوں کے لیے ایک ہی دور میں پولنگ کرائے گا۔ ووٹوں کی گنتی 13 تاریخ کو مقرر ہے۔ اس دن یہ واضح ہو جائے گا کہ کرناٹک میں کون سی پارٹی اقتدار میں آئے گی۔ اس پس منظر میں تمام بڑی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔


