بپر جوئے طوفان نے انتہائی خطرناک شکل اختیار کرلی، صورتحال پر وزیراعظم کا جائزہ اجلاس، مودی نے چوکس رہنے کی دی ہدایت

(دکن فائلز ڈاٹ کام) بحرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان بپر جواے انتہائی شدت اختیار کرتا جارہے ہے اور ریاست گجرات کی طرف بڑھ رہا ہے۔ سمندری طوفان بپر جوائے کے شدت اختیار کرنے کے پس منظر میں وزیر اعظم نریندرمودی نے ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ مختلف مرکزی وزرا محکمہ موسمیات کے منیجنگ ڈائرکٹر کے علاوہ گجرات کے اعلیٰ عہدیدار، مختلف محکمہ جات کے سکریٹریز نے اِس اجلاس میں شرکت کی۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے وزیر اعظم کو طوفان کی شدت اور اُس کے آگے بڑھنے کے بارے میں بتایا۔
عہدیداروں نے بتایاکہ ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو چوکس کرنے کے علاوہ ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ گجرات کے عہدیداروں نے بتایاکہ ساحلی اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔اس طوفان کی وجہ سے بارش کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں گی جس کی وجہ سے لوگوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو بھی تیار رکھا گیا ہے اور ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے خبردار کیا گیا ہے۔
بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان بپر جوائے مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔ اس وقت یہ گجرات کی طرف بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نےبتایاکہ آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران یہ طوفان مزید شدت اختیار کرے گا۔ اِس سلسلہ میں گجرات کے ساحلی علاقوں کیلئے محکمہ موسمیات نے ایلو الرٹ جاری کردیا ہے۔ گجرات کے علاوہ کرناٹک، گوا میں بھی تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہورہی ہے۔ طوفان کے اثر سے مغربی ساحل پر کئی علاقوں میں بارش ہورہی ہے۔ طوفان کی وجہ سے ممبئی ہوائی اڈہ پر طیاروں کی آمد ورفت میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ ایرپورٹ کے ایک رن وے کو بند کردیا گیا ہے۔ ممبئی آنے والے بعض طیاروں کا رخ موڑدیا گیا ہے۔ چند طیاروں کو تاخیر سے چلایا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں