(دکن فائلز ڈاٹ کام) کانگریس پارٹی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے حج ہاؤس کا دورہ نہ کرنے اور عازمین وداع نہ کرنے پر نشانہ بنایا ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے چیرمین شیخ عبداللہ سہیل نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس پڑوسی ریاستوں کا دورہ کرنے کےلئے وقت ہے لیکن وہ عازمین کے قافلہ کو روانہ کرنے اور ان سے ملاقات کرنے کےلئے نامپلی حج ہاوز آنے کےلئے وقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ 7 جون سے جاری ہے لیکن آج تک چیف منسٹر نے حج ہاؤس تشریف نہیں لائے۔ وہیں دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ جن میں بہار کے نتیش کمار، آندھرا پردیش کے جگن موہن ریڈی اور کرناٹک کے سدارامیا سمیت شامل ہیں نے عازمین حج کے قافلوں کو روانہ کیا اور ان سے ملاقات کی۔
عبداللہ سہیل نے کہا کہ کے سی آر نے صرف 2015، 2016 اور 2017 میں حج ہاؤز کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو صرف مسلمانوں کے ووٹ چاہئے لیکن کے سی آر کے پاس مسلمانوں کےلئے وقت نہیں ہے۔
