حیدرآباد (دکن فائلز) افغانستان میں طالبان کی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے ایک نیا فرمان جاری کرکے میڈیا اداروں سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی جاندار چیز کی تصاویر شائع نہیں کرسکتے۔ اب میڈیا میں کسی بھی جاندار شئے کی تصاویر شائع کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
یہ اعلان طالبان حکومت کی جانب سے شریعت کے قانون کے نفاذ کو باضابطہ بنانے کے لیے قانون سازی کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔ یہ قانون پورے ملک میں نافذ ہوگا۔ وزارتِ کے ترجمان سیف الاسلام خیبر کے مطابق اس قانون پر بتدریج عمل درآمد کیا جائے گا’، انہوں نے مزید کہا کہ حکام لوگوں کواس بات پر قائل کرنے کے لیے کام کریں گے کہ زندہ چیزوں کی تصاویراسلامی قانون کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے نفاذ میں جبرنہیں ہے، تاہم یہ مشورہ اور ہدایت ہے کہ یہ چیزیں واقعی شریعت (قانون) کے خلاف ہیں اور ان سے گریز کیا جانا چاہیے۔ نئے قانون میں نیوز میڈیا کے لیے متعدد قوانین جاری کرتے ہوئے ان کی وضاحت کی گئی ہے، جن میں تمام جاندار چیزوں کی تصاویر کی اشاعت پر پابندی اور اداروں کو حکم دینا شامل ہے کہ وہ مذہب کی توہین نہ کریں، یا شرعی قوانین سے متصادم کسی بھی چیز کی اشاعت نہ کریں۔