چاند دیکھنے سے قبل ہی متعدد ممالک میں یکم رمضان کا اعلان کردیا گیا!

حیدرآباد (دکن فائلز) جہاں ایک طرف عالمِ اسلام رمضان المبارک کے چاند کی رویت کا منتظر ہے، وہیں متعدد ممالک نے فلکیاتی حسابات اور سائنسی شواہد کی بنیاد پر پہلے ہی رمضان کے آغاز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سلطنت عمان، ترکیہ اور سنگاپور نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات 19 فروری 2026ء کو یکم رمضان ہوگا۔ ان ممالک میں منگل 17 فروری کو چاند کی رویت فلکیاتی اعتبار سے ناممکن قرار دی گئی ہے۔

ترکیہ میں ہجری مہینوں کے تعین کے لیے پیشگی فلکیاتی حساب کتاب کو بنیاد بنایا جاتا ہے، تاہم چاند کی ممکنہ رؤیت کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ ترکیہ کے مذہبی امور کے محکمہ نے وضاحت کی ہے کہ 17 فروری کو نہ صرف عالمِ عرب اور عالمِ اسلام بلکہ براعظم امریکہ میں بھی چاند نظر آنا ممکن نہیں ہوگا۔ اسی بنیاد پر جمعرات 19 فروری کو پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس موقع پر استنبول کی تاریخی سلیمانیہ مسجد کے میناروں کے درمیان رمضان کی آمد کے حوالے سے خصوصی روشنیوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔

سنگاپور کی اسلامک ریلیجس کونسل، جس کی سربراہی مفتی سنگاپور کرتے ہیں، نے بھی فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر فیصلہ کیا۔ کونسل کے مطابق 17 فروری کو سنگاپور میں چاند سورج غروب ہونے سے پہلے ہی غروب ہو جائے گا، اس لیے رؤیت ممکن نہیں تھی۔ چنانچہ 19 فروری کو یکم رمضان قرار دیا گیا۔

عمان کے سرکاری میڈیا کے مطابق 18 فروری کو ماہِ شعبان کا آخری دن ہوگا اور 19 فروری کو رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔ عمان کی مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے واضح کیا کہ جب سائنسی طور پر کسی دن چاند کی رؤیت ناممکن قرار دی جائے تو ایسی صورت میں شہادتیں قبول نہیں کی جاتیں۔

اسی طرح آسٹریلیا کے گرینڈ مفتی ڈاکٹر ابراہیم ابو محمد نے بھی اعلان کیا کہ ملک میں رمضان کا آغاز 19 فروری سے ہوگا اور دنیا بھر خصوصاً غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی۔

دوسری جانب سعودی عرب کے بعض ماہرین فلکیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یکم رمضان بدھ 18 فروری کو ہوسکتا ہے۔ تاہم وہاں حتمی فیصلہ روایتی طور پر چاند کی عملی رؤیت کے بعد ہی کیا جاتا ہے۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ 17 فروری کو سورج گرہن بھی ہوگا جو قطب جنوبی کے قریب دیکھا جا سکے گا، تاہم سعودی عرب یا دیگر عرب ممالک میں نظر نہیں آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں