خواب میں حضورؐ کی زیارت کے بعد زرنش خان نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی، ایمان افروز واقعہ کا انکشاف

(ایجنسیز) مذہب کی خاطر شوبز کی دنیا سے کنارہ کشی کرنے والی سابق پاکستانی اداکارہ زرنش خان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے خواب میں نبی کریمؐ کی زیارت کی تھی جس کے بعد شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں پاکستان کی سابق معروف اداکارہ زرنش خان نے کہا کہ شوبزمیں کامیابی حاصل کرنے اورعروج پانے کے باوجود انہیں ہر وقت کسی چیز کی کمی محسوس ہوتی تھی، وہ سوچتی تھیں کہ اس دنیا اور کامیابی کا کیا مقصد ہے، ان کے دل میں خیال آتے تھے اور انہیں احساس ہوتا تھا کہ ان کی زندگی اور کامیابی کا کوئی مقصد نہیں۔

زرنش خان نے کہا کہ جب وہ شوہر کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کے لیے گئیں اور عمرے کی ادائیگی کے بعد ان کی زندگی یکدم بدل کررہ گئی، عمرے کی ادائیگی کے لیے مقدس مقامات پر پہنچنے کے بعد انہوں نے وہاں چاروں طرف افراد کو روتے دیکھا، جنہیں دیکھ کر انہیں احساس ہوا کہ وہ خدا کے حضور کیسے جھکیں اور اللہ سے کیسے معافی مانگیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ندامت اور گناہوں کی وجہ سے انہیں خدا کے سامنے جھکنے میں بھی شرمندگی محسوس ہورہی تھی، ان کا دل تھا کہ وہ کہیں چھپ جائیں لیکن وہ خدا سے کہاں چھپتیں؟ انہون نے انکشاف کیا کہ عمرے کی ادائیگی کے دوران واقعہ معراج سنتے سنتے میں سو گئی، جس کے بعد خواب میں مجھے حضورؐ کی زیارت ہوئی، زرنش نے بتایا کہ میری اتنی اوقات نہیں کہ مجھ جیسی گناہگار کے خواب میں وہ آئیں، لیکن نبی کریمؐ نے مجھ سے مخاطب ہوئے اور کہا کہ اللہ کے گھر آئی ہو تو روکر معافی بھی مانگ لو۔

انہوں نے کہا کہ خواب میں حضور اکرم ﷺ نے انہیں خدا سے معافی مانگنے کو کہا، جس پر وہ نیند سے اٹھ گئیں اور گھنٹوں تک روتی رہیں، خواب میں حضور اکرم ﷺ کو دیکھنے کے بعد ہی انہوں نے انسٹاگرام سے اپنی ریلز اور تصاویر ڈیلیٹ کیں اور وہیں فیصلہ کیا کہ اب وہ مزید شوبز میں نہیں رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں