حیدرآباد (دکن فائلز) پاکستان کے کراچی میں چوری کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں خاتون نے پڑوسی کے گھر سے 20 تولہ سونا چوری کرکے عمرہ ادا کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے چھاپہ مار کر شہناز نامی چور خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کے 20 تولہ سونا چوری کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، شک کی بنیاد پر پولیس نے ملزمہ کے شوہر عمران کو گرفتار کیا تھا۔ تفتیش کے دوران عمران نے انکشاف کیا کہ 20 تولہ سونا چوری کرنے کی واردات اس کی بیوی نے کی ہے۔ پڑوسی کی غیر موجودگی میں واردات کرکے چُرائے گئے 20 تولہ سونے میں سے ملزمہ نے 17 تولہ فروخت کر کے عمرہ ادا کرنے چلی گئی۔ عمرے سے واپسی پر ملزمہ کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے ملزمہ شہناز سے 3 تولہ سونا اور بھارتی رقم برآمد کرلی۔
اس انوکھی چوری کی واردات کا چرچہ سوشل میڈیا میں وائرل ہوگیا جہاں اب یہ بحث چل رہی ہے کہ ’ثواب کس کو ملے گا‘۔ صارفین کیجانب سے افسوس کا اظہار کیے جانے کے ساتھ ساتھ دلچسپ تبصرے بھی سامنے آرہے ہیں۔ ایک صارف نے قہقہہ لگاتے ہوئے لکھا کہ ‘توبہ استغفار! دین اور دنیا ساتھ ساتھ؟ ایسے عمرے قبول ہوتے ہیں اللہ کی بارگاہ میں؟’
انوکھی واردات پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے ایک اور صارف نے لکھا کہ ‘ثواب دونوں کو ملے گا، چور کو بھی اور مالک کو بھی’۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ ‘وہ منظر کمال ہوگا جب چوری کرنے والی خاتون نے عمرے سے واپس آکر پڑوسی کو کھجور اور آب زم زم بھی دیا ہوگا’۔
ایک صارف نے لکھا ‘خاتون نے حج و عمرے کیلئے بلاوا آنے کے تصور کے معنیٰ ہی بدل دیے ہیں’۔ دیگر صارفین نے افسوس کا اظہار کیا کہ ‘یہ مذہب سے متعلق ہمارے تصورات واضح نہ ہونے کا نتیجہ ہے کہ مذہب ہمارے اخلاق و کردار سُدھارنے کے بجائے اب صرف عبادات کا نام رہ گیا ہے’۔