حیدرآباد (دکن فائلز) اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا سے ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ خاتون کا الزام ہے کہ شادی سے قبل اس کے شوہر نے اپنے گنجے پن کو چھپا کر خود کو گھنے بالوں والا ظاہر کیا اور اس طرح اسے دھوکہ دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گور سٹی ایونیو-1 کی رہائشی لویکا گپتا کی شادی 16 جنوری 2024 کو سنیَم جین سے ہوئی تھی۔ لویکا نے اپنی شکایت میں بتایا کہ شادی سے پہلے اسے بتایا گیا تھا کہ سنیَم جین کے گھنے بال ہیں، لیکن شادی کے بعد معلوم ہوا کہ وہ گنجے ہیں اور ہیئر پیچ (وگ) استعمال کرتے ہیں۔
لویکا کا الزام ہے کہ دھوکہ صرف ظاہری شکل تک محدود نہیں تھا بلکہ شوہر نے اپنی تعلیمی قابلیت اور مالی حالت کے بارے میں بھی غلط معلومات دے کر شادی کی۔ اس کے مطابق، شادی کے کچھ ہی دن بعد شوہر نے اس پر جسمانی تشدد شروع کر دیا اور ذاتی تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی دے کر بلیک میل بھی کیا۔
خاتون نے مزید بتایا کہ ایک غیر ملکی سفر کے دوران اس پر حملہ کیا گیا اور تھائی لینڈ سے گانجا لانے کے لیے شدید دباؤ ڈالا گیا۔ لویکا کی شکایت پر بسراخ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس افسر منوج کمار سنگھ کے مطابق، شوہر سنیَم جین سمیت چار دیگر اہل خانہ کے خلاف بھارتی نیائے سنہتا (BNS) کی مختلف دفعات اور جہیز مخالف قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔


