حیدرآباد (دکن فائلز) متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں ایک صرف چھ دن کی نومولود بچی کے دانت نکل آنے کا حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے ڈاکٹروں کو بھی حیران کر دیا ہے۔ ’’بے بی مہرہ عبدالرحمان‘‘ تین دسمبر 2025 کو ام القوین کے خلیفہ اسپتال میں پیدا ہوئی تھیں۔
اہل خانہ نے معمول کے معائنہ کے دوران بچی کے منہ میں ایک ننھا دانت دیکھا تو فوراً ڈاکٹرز سے رابطہ کیا۔ ماہرین نے اس کیفیت کو ’ولادی دانت‘ (Natal Teeth) قرار دیا، جو ایک نایاب مگر طبی طور پر تسلیم شدہ حالت ہے، جس میں بچے پیدائش کے فوراً بعد یا چند دنوں میں دانت ظاہر کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق ایسے دانت عام طور پر بچے کی صحت کے لیے خطرناک نہیں ہوتے، تاہم کچھ کیسز میں یہ دیگر نایاب مسائل سے بھی جوڑے جا سکتے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ بچی کی صحت مکمل طور پر ٹھیک ہے اور اس کی نشوونما پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔
بچی کے والدین نے اس غیرمعمولی واقعہ پر خوشی اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے ایسا کبھی نہیں دیکھا تھا، اللہ نے ہمیں ایک خاص نعمت دی ہے۔‘‘


