حیدرآباد (دکن فائلز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے آخر کار چیمپئنز ٹرافی 2025 کو لیکر اہم پیش رفت ہوئی۔ جمعرات کے روز آئی سی سی نے اعلان کیا کہ ہندوستان اور پاکستان کرکٹ بورڈز کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق ہو گیا ہے۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں ٹیم انڈیا کے میچز نیوٹرل مقام پر ہوں گے۔ اس کے بدلے میں انڈیا کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں ہند۔پاک کے درمیان میچس بھی بھی نیوٹرل مقامات پر ہوں گے۔
معاہدے کی تفصیلات کے مطابق سال 2024 سے 2027 تک ہندوستان اور پاکستان اپنے میچز نیوٹرل وینیوز پر کھیلیں گے۔ اس معاہدے کا اطلاق پاکستان میں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی، انڈیا میں 2025 ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ اور انڈیا اور سری لنکا میں 2026 کے مینز ٹی20 ورلڈ کپ پر ہوگا۔