حیدرآباد (دکن فائلز) پاکستان کی سابقہ مشہور اداکارہ سارا چودھری جنہوں نے اسلام کی خاطر شوبز کو الوداع کہہ دیا تھا نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے سے متعلق انتہائی ایمان افروز حقائق سے واقف کروایا۔
سارہ نے 2003 میں شوبز انڈسٹری جوائن کی تھی اور 2010 کے اوائل میں انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ سارہ نے کہا کہ میں بہت شکر گزار ہوں کہ میری درخواست پر میرے حجاب سے پہلے کے دو ڈرامے ہٹائے گئے، یہ فیصلہ میرے لیے بہت اہم تھا کیونکہ میں چاہتی تھی کہ وہ ڈرامے آن لائن موجود نہ رہیں تاکہ مجھے ذہنی سکون ملے۔
سارا نے کہا کہ مجھے اپنے نئے مذہبی اور ذاتی سفر میں دلی و ذہنی سکون ملا ہے، جو شوبز دنیا میں بالکل نہ کے برابر تھا۔ سارا نے کہا کہ مالی فوائد، گاڑیاں اور گھر جیسے خواب ان کے شو بزنس میں داخل ہونے کی وجہ تھے اور اللہ کے فضل سے وہ سب کچھ حاصل ہوا لیکن پھر انہوں نے ذہنی سکون اور آخرت کی فکر کرتے ہوئے اپنی زندگی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا اور شو بزنس کو خیرآباد کہا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سفر میں سب سے بڑی مدد اور رہنمائی اللہ کی طرف سے ملی۔ انہوں نے قرآن کو سمجھ کر پڑھنا شروع کیا، حجاب و نقاب اختیار کیا اور پانچ وقت کی نماز پڑھنے لگی۔ سارہ نے کہا کہ اس تبدیلی کے دوران مالی مشکلات اور جذباتی چیلنجز بھی آئے مگر اللہ کی رہنمائی اور دینی ماحول نے انہیں مضبوط بنایا۔



