حیدرآباد (دکن فائلز) آئی پی ایل 2026 کے سیزن سے قبل سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) نے ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کرتے ہوئے ریٹین اور ریلیز کیے گئے کھلاڑیوں کی فہرست بی سی سی آئی کو جمع کرا دی ہے۔ 2025 میں مایوس کن کارکردگی اور چھٹے نمبر پر رہتے ہوئے پلے آف سے باہر ہونے کے بعد انتظامیہ نے اسکواڈ کی ازسرِ نو تشکیل کا بیڑا اٹھایا ہے۔ 14 میں سے صرف 6 میچ جیتنے کے بعد ٹیم نے آنے والے سیزن کے لیے حکمتِ عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔
فرینچائز نے مجموعی طور پر 8 کھلاڑیوں کو فارغ کردیا ہے جن میں سب سے بڑا نام ہندوستانی فاسٹ بولر محمد شامی کا ہے جنہیں ٹریڈنگ کے ذریعے لکھنؤ سپر جائنٹس منتقل کیا گیا۔ ان کے علاوہ آسٹریلوی لیگ اسپنر ایڈم زمپا، بھارتی اسپنر راہول چہر، آل راؤنڈر وِیان ملڈر، بیٹر ابھینو منوہر اور گھریلو کھلاڑی اَتھروا تائیدے، سچن بیبی اور سِمرجیت سنگھ کو بھی ٹیم سے باہر کر دیا گیا۔ ان فیصلوں کا مقصد منی آکشن کے لیے اضافی رقم خرچ کرنا ہے۔
اس کے باوجود ایس آر ایچ نے اپنے مضبوط کور گروپ کو برقرار رکھا ہے۔ آسٹریلوی پیسر اور کپتان پیٹ کمنز کی قیادت برقرار رہے گی۔ جارحانہ اوپنرز ٹریوس ہیڈ اور ابھشیک شرما، وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن اور ہینرک کلاسن بھی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔ نوجوان کھلاڑی انیکیت ورما، آر سمرن، نیتیش کمار ریڈی اور ہرش دوبے کو بھی اعتماد دیا گیا ہے۔
بولنگ میں ایشان ملنگا، جے دیو انادکت، بریڈن کارس، ہرسل پٹیل اور لیگ اسپنر ذیشان انصاری کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم نے تجربے اور نوجوان توانائی کا حسین امتزاج پیش کیا ہے۔ سن رائزرز کا مقصد منی آکشن میں موزوں کھلاڑی حاصل کرکے 2026 میں مضبوط واپسی کرنا ہے۔



