حسینہ عالم کا تاج میکسیکو کی فاطمہ بوش کے سر سج گیا

حیدرآباد (دکن فائلز) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں منعقدہ مس یونیورس 2025 کے مقابلے میں میکسیکو کی 25 سالہ حسینہ فاطمہ بوش فرنانڈس نے کامیابی حاصل کی اور تنازعات اور دباؤ کے باوجود حسینہ عالم کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فاطمہ بوش نے یہ ٹائٹل گزشتہ سال کی فاتح، ڈنمارک کی وکٹوریا کیئر تھیلوِگ سے وصول کیا، جنہوں نے انہیں تاج پہنایا۔ وہ کرسچن ہیں

مقابلے میں تھائی لینڈ کی نمائندگی کرنے والی وینا پروینر سنگھ کو فرسٹ رنر اپ قرار دیا گیا، جب کہ وینزویلا کی اسٹیفنی اباسالی، فلپائن کی آتھیسا مانیلو اور آئیوری کوسٹ کی اولیویا یاسے ٹاپ 5 میں شامل رہیں۔ یہ مقابلہ آغاز سے ہی خبروں کی زینت بنا رہا۔ فاطمہ بوش کو لائیو اسٹریمڈ میٹنگ کے دوران تھائی ایونٹ ڈائریکٹر کی جانب سے سرعام سرزنش کا سامنا کرنا پڑا تھا جب فاطمہ نے تھائی لینڈ کے لیے اپنے سوشل میڈیا پر پروموشن کرنے سے انکار کیا تھا۔ جس کے بعد کئی حسیناؤں نے احتجاجاً مقابلے سے واک آؤٹ کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد فاطمہ بوش مداحوں کی پسندیدہ امیدوار کے طور پر ابھریں۔ اس کے بعد فائنل سے چند روز قبل دو ججز نے استعفیٰ دے دیا، جس سے مقابلہ مزید زیر بحث آیا۔

اس سال مس یونیورس مقابلے میں 120 ممالک کی حسیناؤں نے حصہ لیا، جن میں فلسطین کی ندین ایوب اور متحدہ عرب امارات کی مریم محمد پہلی بار شریک ہوئیں۔ پاکستان کی نمائندگی روما ریاض نے کی۔ فاطمہ بوش انسانیت دوست سرگرمیوں اور رضاکارانہ کاموں کے لیے بھی جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے فیشن ڈیزائن کی تعلیم میکسیکو سے حاصل کی اور ستمبر 2025 میں مس میکسیکو کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں