حیدرآباد (دکن فائلز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔سابق ہندوستانی کپتان روہت شرما کو ٹورنمنٹ کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا۔
آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026کا آفیشل شیڈول جاری کر دیا ہے، ایونٹ کے میچز 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلے جائیں گے جب کہ میگا ایونٹ کی ہندوستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر میزبانی کررہے ہیں۔ میگا ایونٹ کے تمام میچز 8 مقامات پر کھیلے جائیں گے، ہندوستان میں 5 اور سری لنکا میں 3 مقامات پر ورلڈ کپ کے میچز کھیلے جائیں گے۔
ہندوستان میں ارون جیٹلی اسٹیڈیم نئی دہلی، ایڈن گارڈنز کولکتہ، ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم چنئی، نریندرا مودی اسٹیڈیم احمد آباد اور وانکھڈے اسٹیڈیم ممبئی شامل ہے۔ سری لنکا میں پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کینڈی، پریما داسا اسٹیڈیم کولمبو، سنہالے اسپورٹس کلب کولمبو میں ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے میچز کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گزشتہ فارمیٹ کی طرح ہرگروپ کی ٹاپ 2، 2 ٹیمیں سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سپر 8 مرحلے میں 8 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، دونوں گروپس کی ٹاپ 2، 2 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں ہندوستان اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، گروپ ون میں ہندوستان، پاکستان، نمیبیا، ہالینڈ اور امریکا شامل ہے جب کہ گروپ ٹو میں آسٹریلیا، سری لنکا، آئرلینڈ، زمبابوے اور عمان کی ٹیمیں شامل ہیں۔
میگا ایونٹ کے گروپ تھری، میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، اٹلی، بنگلہ دیش، نیپال اور گروپ فور میں جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور کینیڈا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
پاکستان کے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے، ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا میچ پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان 7 فروری کو کولمبو میں کھیلا جائے گا جب کہ ہندوستان اپنا پہلا میچ 7 فروری کو ممبئی میں امریکہ کے خلاف کھیلے گا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج مقابلے میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں 15 فروری کو کولمبو میں آمنے سامنے ہوں گی، 2025 کے ایشیا کپ کے بعد دونوں ٹیموں کا یہ پہلا مقابہ ہوگا۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنلز کے لیے ممبئی اور کولکتہ کو چنا گیا ہے تاہم پاکستان کے پہنچنے کی صورت میں سیمی فائنل کولمبو میں ہوگا جب کہ احمد آباد کو فائنل کے لیے منتخب کیا گیا ہے تاہم پاکستان کے پہنچنےکی صورت میں فائنل کولمبو میں ہوگا۔
پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو کولکتہ یا کولمبو جب کہ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو ممبئی کھیلا جائے گا جب کہ فائنل 8 مارچ کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی نے بی سی سی آئی کو آگاہ کیا ہے کہ اگر سری لنکا سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو یہ میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا، اسی طرح اگر پاکستان فائنل تک پہنچتا ہے تو فائنل مقابلہ غیر جانبدار مقام پر ہوگا۔


