نئے سال کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں: سوئٹزرلینڈ کے اسکی ریزورٹ میں زوردار دھماکہ، 40 سے زائد ہلاک، 100 زخمی

حیدرآباد (دکن فائلز) سوئٹزرلینڈ کے مشہور اسکی ریزورٹ قصبہ کرانس مونٹانا میں نئے سال کی تقریبات کے دوران ایک بار میں ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے، جن میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔

سوئس پولیس کے مطابق دھماکا جمعرات کی علی الصبح تقریباً ڈیڑھ بجے ’لے کانسٹیلیشن‘ نامی بار میں ہوا، جہاں اس وقت بڑی تعداد میں لوگ نئے سال کا جشن منا رہے تھے۔ دھماکے کے بعد عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے جانی نقصان میں مزید اضافہ ہوا۔

جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ کے صوبے والیس کی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکے کی وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واقعے کو دہشت گرد حملہ قرار نہیں دیا جا رہا۔

ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ افراد کے اہلِ خانہ کے لیے ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے وقت بار اور ریزورٹ میں 100 سے زائد افراد موجود تھے۔ واقعہ نے نہ صرف سوئٹزرلینڈ بلکہ دنیا بھر میں نئے سال کی تقریبات کے دوران سکیورٹی انتظامات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں