حیدرآباد (دکن فائلز) پولیس نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے اور ہتھیار تقسیم کرنے کے الزام میں ہندوتوا شدت پسند تنظیم ہندو رکشا دل کے صدر اور اس کے بیٹے کو گرفتار کر لیا ہے۔ ہندو رکشا دل کا صدر بھوپیندر چودھری عرف پنکی (50) اور اس کا بیٹا ہرش چودھری (23) کو منگل کے روز حراست میں لیا گیا۔
ڈی سی پی (ٹرانس ہندون) نمیش پاٹل کے مطابق، یہ کارروائی ایک سب انسپکٹر کی شکایت پر درج ایف آئی آر کی بنیاد پر کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پر عوامی امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق، ملزمان نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ علاقے میں ایک جلوس نکالا، جس کے دوران اشتعال انگیز نعرے لگائے گئے اور مبینہ طور پر تلواروں سمیت دیگر ہتھیار تقسیم کیے گئے۔ ڈی سی پی پاٹل نے کہا، ’’پولیس کسی بھی تنظیم کو قانون و نظم یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گی۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ دیگر نامزد اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، جو فی الحال مفرور ہیں۔ پولیس کے مطابق، بھوپیندر چودھری نے سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز بھی جاری کی تھیں۔ ایک ویڈیو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ بنگلہ دیش میں ہندو خاندانوں پر مبینہ حملوں کے جواب میں ہتھیار تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ 29 دسمبر کو سامنے آنے والی ایک اور ویڈیو میں انہوں نے لوگوں سے خود کو مسلح کرنے کی اپیل کی تھی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق، بھوپیندر چودھری کے خلاف مختلف تھانوں میں تقریباً 27 مقدمات درج ہیں، جبکہ ان کے بیٹے ہرش چودھری کے خلاف تین مقدمات ہیں۔ دونوں کو منگل کے روز عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ 27 دسمبر کو اسی تنظیم کے 10 کارکنان کو بھی اسی نوعیت کے الزامات میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔


