محمد سراج، حیدرآباد رانجی ٹیم کے کپتان! ممبئی اور چھتیس گڑھ کے خلاف قیادت کا اعزاز

حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سراج کو 2025-26 رانجی ٹرافی سیزن کے بقیہ دو میچوں کے لیے حیدرآباد کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ بدھ کے روز سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے سراج کو یہ اہم ذمہ داری سونپی، جبکہ تجربہ کار بلے باز جی راہل سنگھ کو نائب کپتان نامزد کیا گیا ہے۔

محمد سراج کی قیادت میں حیدرآباد ٹیم اس ماہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر دو اہم مقابلے کھیلے گی۔ ٹیم 22 جنوری سے ممبئی اور 29 جنوری سے چھتیس گڑھ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ یہ محمد سراج کا حیدرآباد رانجی ٹیم کے کپتان کے طور پر پہلا دور ہوگا۔ قومی ذمہ داریوں کے باعث وہ اب تک اس سیزن میں رانجی ٹرافی کا کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

اس وقت حیدرآباد ایلیٹ گروپ ڈی میں 13 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ ٹیم نے پانچ میچوں میں ایک فتح اور ایک ڈرا حاصل کیا ہے، جس کے باعث کوارٹر فائنل میں رسائی کے امکانات کم ضرور ہیں، مگر مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔

31 سالہ محمد سراج ہندوستان کے لیے اب تک 109 بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں، جن میں 45 ٹیسٹ، 48 ون ڈے اور 16 ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں وہ 88 میچوں میں 309 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ حیدرآباد کی جانب سے سراج نے 19 فرسٹ کلاس میچوں میں 77 وکٹیں حاصل کی ہیں، جن کا اوسط 23.29 رہا ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین پی ہری موہن نے کہا کہ سراج دستیاب ہیں اور بقیہ سیزن میں ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔ ان کے مطابق سراج ایک فائٹر ہیں اور جیت کا جذبہ رکھتے ہیں، جس کا اثر پوری ٹیم پر پڑے گا۔ کمیٹی نے حال ہی میں وجے ہزارے ٹرافی میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے امن راؤ پیرالا کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں