ریل میں مسافر پر تشدد، شہباز احمد شدید زخمی، ویڈیو وائرل ہونے پر دو شدت پسند گرفتار

حیدرآباد (دکن فائلز) میڈیا رپورٹس اور وائرل ویڈیو کے مطابق امرتسر سے ممبئی جانے والی گولڈن ٹیمپل میل ٹرین میں دوران سفر ایک مسافر پر وحشیانہ حملہ کیا گیا۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ریلوے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

یہ واقعہ جمعہ کی دوپہر پیش آیا۔ متاثرہ مسافر کی شناخت شہباز احمد کے طور پر ہوئی ہے، جو راجستھان کے ضلع جھالاواڑ کے قصبہ پچھپہاڑ کا رہائشی ہے۔ وہ کوٹا سے بھوانی منڈی جانے کے لیے ٹرین کے جنرل کوچ میں سفر کر رہا تھا۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کوٹا کے ایس ایچ او ہزاری سنگھ مینا کے مطابق، کوچ میں چند نوجوانوں کے ساتھ نشست کو لے کر شباز کا جھگڑا ہوا، جو بعد میں تشدد میں بدل گیا۔

ملزمان نے مبینہ طور پر شباز کو لاتوں، گھونسوں اور مکوں سے حملہ کرکے شدید زخمی کر دیا۔ مسافروں کی مداخلت اور اطلاع پر ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے ٹرین میں ہی دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا اور بعد ازاں انہیں جی آر پی چوکی بھوانی منڈی کے حوالے کر دیا۔

زخمی شباز احمد کو جھالاواڑ میڈیکل کالج کے ایس آر جی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ جی آر پی کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر راجیش نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت 24 سالہ سنی اور 25 سالہ وشویندر کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع ترن تارن (پنجاب) کے رہائشی ہیں۔ دونوں کے خلاف امن و امان خراب کرنے کے الزامات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

شباز کے مطابق، اس نے خالی نشست پر بیٹھنے کے بعد جگہ شیئر کرنے کی پیشکش کی تھی، لیکن ملزمان بلا وجہ مشتعل ہو گئے اور اس پر حملہ کر دیا۔ واقعہ کی ویڈیو نے پولیس کو فوری کارروائی میں اہم کردار ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں