سونا اور چاندی کی قیمت میں چونکادینے والا اضافہ، تاریخ میں پہلی بار ہوا اتنا اضافہ، حیدرآباد میں 24 قیراط سونا کی قیمت کیا ہے؟

حیدرآباد (دکن فائلز) سونا اور چاندی کی قیمتوں میں تیزی تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ روز بروز نئی بلندیاں چھوتی قیمتی دھاتوں نے سرمایہ کاروں اور خریداروں کو چونکا دیا ہے۔ چہارشنبہ کے روز حیدرآباد مارکیٹ میں 24 قیراط سونے کی قیمت 10 گرام کے لیے بڑھ کر 1.61 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔ یہ ایک ہی دن میں تقریباً 9 ہزار روپے کا اضافہ ہے، کیونکہ گزشتہ روز سونے کی قیمت 1,52,800 روپے تھی۔ اسی طرح 22 قیراط سونا 1,41,900 روپے فی 10 گرام پر پہنچ گیا۔

چاندی کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔ چہارشنبہ کے روز ایک کیلو چاندی کی قیمت 3,30,000 روپے تک جا پہنچی، جو ایک دن میں تقریباً 14 ہزار روپے کا اضافہ ہے۔ عالمی منڈی میں بھی چاندی کی قیمت تاریخ میں پہلی مرتبہ 94 ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئی، جبکہ سونے کی قیمت 4,849 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق، امریکہ اور یورپی ممالک کے درمیان بڑھتی تجارتی کشیدگی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یورپی ممالک اور فرانس پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کے اعلانات، اور عالمی تجارتی جنگ کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کی جانب مائل کر دیا ہے۔ اسی وجہ سے سونا اور چاندی بطور محفوظ سرمایہ کاری تیزی سے مہنگے ہو رہے ہیں۔

ملکی سطح پر بھی قیمتوں نے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ چہارشنبہ کے روز ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج (MCX) میں فروری کے سونے کے فیوچرز کی قیمت 4.25 فیصد اضافے کے ساتھ 10 گرام کے لیے 1,56,970 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اسی طرح مارچ کے چاندی کے فیوچرز کی قیمت 2.71 فیصد بڑھ کر 3,32,451 روپے فی کلو ہو گئی۔

پرِتھوی فن مارٹ کموڈیٹی ریسرچ کے ماہر منوج کمار جین کے مطابق، امریکہ کی جانب سے یورپی ممالک پر نئے ٹیرف لگانے کی خبروں سے عالمی ایکویٹی مارکیٹس دباؤ میں ہیں، جس کے باعث سرمایہ کار سونا اور چاندی کی طرف رخ کر رہے ہیں۔ روپے کی کمزوری بھی ملکی مارکیٹ میں قیمتوں کے اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سولر انرجی، الیکٹرک گاڑیوں اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں صنعتی استعمال بڑھنے کے باعث چاندی کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے طویل مدت میں اس کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ اندازہ ہے کہ آنے والے مہینوں میں ایم سی ایکس پر چاندی کی قیمت 3,50,000 روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں