حیدرآباد کے گڈی انارم حلقہ سے بی جے پی کے کارپوریٹر پریم مہشور ریڈی کو گرفتار کرلیا گیا۔
گڈی انارم کارپوریٹر پریم مہیشور ریڈی اور دیگر 9 افراد کو رچہ کنڈہ پولیس نے ایک 21 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کا متاثرہ کے والد سے جھگڑا چل رہا تھا۔
رچہ کنڈہ کمشنر پولیس مہیش مرلیدھر بھاگوت نے ایک پریس نوٹ میں بتایا کہ بی جے پی کارپوریٹر مہیشور ریڈی کے علاوہ دیگر 9 پونیت تیواری، پی منجوناتھ، پی روی، کے پون کمار، آر ہیمنت، آر چندرکانت، بی پرنیت، کے کارتک اور ایم روی ورما کو گرفتار کیا گیا جبکہ شراون، ایل مرلی، مہیش، ماروتھی، سائی کرن فرار ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سرو نگر پولس میں نارائنا نے شکایت درج کرائی تھی کہ اس کے بیٹے سبرامنیم کا رہائش گاہ سے کچھ نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا ہے جس کے بعد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے نلگنڈہ سے سبرامنیم کو بچالیا اور ملزمین کو تحویل میں لے لیا۔
پوچھ تاچھ کے دوران پولس کو پتہ چلا کہ پی اینڈ ٹی کالونی میں مقیم نارائنا کا کارپوریٹر سے کچھ تنازعہ چل رہا تھا جس کے بعد مشہور ریڈی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نارائن کا اغوا کرنے اور اسے مارنے کی سازش رچی تھی، جسے پولیس نے ناکام بنادیا اور بی جے پی کارپوریٹر کو جیل بھیج دیا۔