ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں نے شوہر کی گرفتاری کیلیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ محمد شامی کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف درخواست دائر کر دی۔
ہندوستانی کھلاڑی کی اہلیہ نے کلکتہ ہائی کورٹ سے شوہر کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف حکم امتناع ختم کرنے کی استدعا کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔ حسین جہاں نے محمد شامی پر جہیز کا مطالبہ کرنے اور غیر خواتین کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے کا الزام عائد کر رکھا ہے۔
اگست 2019 میں کرکٹر کی اہلیہ نے علی پور کی ایک عدالت میں شوہر کے خلاف پٹیشن دائر کی تھی جس پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ بعد ازاں کرکٹ نے وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے اس پر حکم امتناع حاصل کیا تھا۔
رواں سال 28 مارچ کو حسین جہاں نے شوہر کے وارنٹ گرفتاری پر حکم امتناع ختم کرنے کیلیے کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا لیکن ان کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ اب وہ سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا رہی ہیں۔