اگر ہم چاند تک نہیں پہنچ سکتے تو کیا، متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں تو اسے زمین پر لایا جا رہا ہے۔ جی ہاں کینیڈا سے تعلق رکھنے والے مائیکل ہینڈرسن نے 5 ارب ڈالرز کا ایک منصوبہ پیش کیا ہے جس کے تحت دبئی میں عام افراد کے لیے ‘چاند’ کو تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت 30 میٹر بلند ایک عمارت کے اوپر 274 میٹر بلند چاند کو تعمیر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ دبئی وہ شہر ہے جو پہلے ہی دنیا کی بلند ترین عمارات سمیت کئی عماراتی عجائب کا گھر ہے۔ اس منصوبے کو مون کا نام دیا گیا ہے اور یہ چاند بنیادی طور پر ہوٹل یا ریزورٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
اس منصوبے کے لیے مائیکل ہینڈرسن نے پام جمیرہ میں چاند کی شکل کے ریزورٹ کو تجویز کیا ہے جس میں 4 ہزار کمرے ہوں گے اور 10 ہزار افراد قیام کر سکیں گے، جبکہ ایک Lunar colony بھی قائم کی جائے گی تاکہ مہمانوں کو ایسا لگے کہ وہ حقیقت میں چاند پر چل رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اس منصوبے کے بارے میں پہلی بار رپورٹ ستمبر 2022 میں سامنے آئی تھی مگر اب زیادہ تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔