بہار کے ضلع دربھنگہ میں گذشتہ چار دن قبل پیش آئے تشدد کے واقعات کی وجہ سے سے حالات کشیدہ ہیں، محرم جلوس کے دوران پرتشدد واقعات پیش آنے کے بعد پولیس نے سیکورٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔ کمتول تھانہ کے حدود میں دو طبقات کے درمیان جھڑپ کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے تھے۔ وہیں بازار سمیتی علاقہ میں محرم جلوس کا پرچم لگانے کو لے کر تصادم ہوا تھا۔
پرتشدد واقعات کے بعد پولیس نے درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاقے میں انٹرنیٹ پر پابندی عائد کر دی گئی۔ علاقہ میں 27 جولائی سے محرم جلوس نکالنے کا آغاز ہوا تھا تاہم یہ 30 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس سلسلہ میں پولیس کی جانب سے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دربھنگہ ضلع میں چار دنوں کے لیے انٹرنیٹ خدمات بند کر دی گئی۔ اس درمیان دربھنگہ کے ضلع مجسٹریٹ راجیو روشن اور ایس ایس پی اوکاش کمار نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ضلع میں حالات قابو میں ہیں۔ شرپسندوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ اب تک 20 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔