متنازعہ ہندی نیوز چینل سدرشن نیوز کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر کو گروگرام پولیس نے نوح اور ہریانہ میں فرقہ وارانہ تشدد سے متعلق اشتعال انگیز پوسٹ شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
سدرشن نیوز کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر مکیش کمار کو گروگرام کے سیکٹر 17 سے گرفتار کیا گیا۔ اپنے ہی ملازم کی گرفتاری سے متعلق بھی سدرشن چینل نے شروع میں فرضی خبر بتاتے ہوئے کہا تھا کہ کمار کو کچھ “غنڈوں” نے “اغوا” کرلیا۔ تاہم بعد میں گروگرام پولیس نے وضاحت کی کہ ریزیڈنٹ ایڈیٹر کو سائبر کرائم ڈویژن نے متنازعہ پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
مکیش کمار نے اپنے ایک متنازعہ ٹویٹ میں گروگرام پولیس پر الزام عائد کیا تھا کہ ’گروگرام پولیس نے قطر کے الجزیرہ نیوز چینل کے دباؤ میں آکر ‘ہندو کارکنوں’ کے خلاف کارروائی کررہی ہے‘۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ’غیرملکی میڈیا نے گروگرام کے پولیس کمشنر کالا رام چندرن کو کال کر کے ان سے ہندوؤں کے خلاف کارروائی کرنے کو کہا‘۔
گروگرام پولیس نے آئی ٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مکیش کمار کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے قبل کمار کی پوسٹ کو “بے بنیاد، جھوٹا اور گمراہ کن” قرار دیا۔