حیدرآباد: شٹل کھیل رہے 46 سالہ شخص کی اچانک موت

ملک بھر میں اچانک اموات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ تلنگانہ میں بھی اس طرح کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔ آج حیدرآباد میں بھی ایک صحتمند شخص کی اچانک موت کے بعد علاقہ میں غم کا ماحول ہے۔ تفصیلات کے مطابق 46 برس کے کرشنا ریڈی جو جو اپل میں رامنتھاپور انڈومنٹ کالونی کے ساکن تھے آج صبح تک وہ بالکل صحت مند تھے۔ آج صبح حسب معمول انہوں نے ورزش کی اور بیڈمنٹن (شٹل) کھیلتے ہوئے اچانک ان کے سینے میں درد محسوس ہوا، جس کے بعد وہ زمین پر گرپڑے۔

کرشنا ریڈی کے دوستوں نے انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ گھر والے کرشنا ریڈی کی اچانک موت سے صدمہ میں ہیں۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے کرشنا ریڈی کی لاش کا معائنہ کیا اور گھروالوں سے صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ پولیس نے ابتدائی طور پر موت کی وجہ دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق کی ہے۔

اچانک دل کا دورہ پڑنے سے لوگوں کی بڑے پیمانہ پر اموات کے بعد حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ پولیس اہلکاروں کو سی پی آر پر تربیت دی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں