تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات قریب آرہے ہیں۔ اگر پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں ون نیشن، ون الیکشن بل پیش کیا جاتا ہے تو پھر سیاسی منظر نامہ یکسر بدل جائے گا۔
اس دوران گدوال سے ڈی کے ارونا کے انتخاب کو گزٹ میں شائع کرنے کی ریاستی الیکشن کمیشن کو مرکزی الیکشن نے ہدایت دی ہے۔ اِس سلسلہ میں ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کو الیکشن کمیشن نے ایک مکتوب تحریر کیا ہے۔ ہائیکورٹ کی جانب سے اِس سلسلہ میں دیئے گئے فیصلہ کی نقل مکتوب کے ساتھ روانہ کی گئی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے انڈر سکریٹری سنجیو کمار نے سی ای او کو یہ مکتوب تحریر کیا ہے۔ ہائیکورٹ نے حال ہی میں گدوال سے بی آر ایس کے بی کرشنا موہن ریڈی کے انتخاب کو کالعدم قراردیا تھا۔ اُن پر نامزدگی کے موقع پر غلط حلفنامہ داخل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
سنٹرل الیکشن کمیشن نے بی جے پی امیدوار ڈی کے ارونا کو گدوال اسمبلی حلقہ کا قانون ساز قرار دینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ کمیشن نے حکومت تلنگانہ کے چیف سکریٹری کو بھی اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے ہیں۔